منصوبہ جات

جامعہ کے نظامِ تعلیم و تربیت کے افادیت اور انتظام و انصرام کی افادیت کے باعث شائقینِ علم آپ کے شہر کا قصد کرکے آرہے ہیں۔ ہمارے لئے اب اس کے سوا کوئی چارہ کار نہیں رہا کہ ہم جامعہ کی توسیع کے لئے اپنی کوششیں تیز تر کردیں اور مجوزہ منصوبہ جات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہمہ تن مصروف ہو جائیں۔
ہم یہاں مندرجہ ذیل منصوبہ جات کو متوکلاً علی اﷲ جامہ پہنانے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔
1:۔    دارالاقامہ (ہاسٹل): تعمیر کرنے کا پروگرام ہے جہاں سینکڑوں طلبا آرام و وقار کے ساتھ اقامت گزیں ہوسکیں۔
2:۔    ایک عظیم مسجد : جو اپنی وسعت اور طرزِ تعمیر میں اپنی نظیر آپ ہو۔
3:۔    لیکچر ہال : جہاں طلبہ اور اہلِ علاقہ گاہے گاہے جمع ہو کر اپنی دینی صلاحیتوں کی نشوونما کرسکیں۔
4:۔    عظیم الشان لائبریری: جس میں دینی علوم کے بارے میں خصوصاً اور دیگر علوم کے بارے میں عموماً مختلف زبانوں میں کتب جمع کی جائیں تاکہ محققین، بیرونی اسکالر اور شہر کے ارباب ذوق ان علمی شاہکاروں سے استفادہ کرسکیں۔
5:۔    اساتذہ جامعہ کے لئے رہائشی مکانات: جن میں وہ آرام کے ساتھ اپنے اہل و عیال کے ساتھ رہائش پذیر ہوسکیں۔
6:۔    کچن بلاک: ایک مطبخ اور مطعم جہاں جامعہ کے طلباء کے لئے کھانا تیار ہو اور عزت و احترام کے ساتھ بیٹھ کر تناول کرسکیں۔
7:۔    دارالتحقیق(ریسرچ سنٹر) : جہاں جدید تحقیق طلب مسائل کا صحیح اسلامی حل تلاش کیا جائے۔
8:۔    میٹنگ ہال: جہاں ملک کے سُلگتے ہوئے مسائل کے بارے میں مشاورت کے لئے علمائے کرام ، مشائخِ عظام اور دانشور حضرات سر جوڑ کر بیٹھیں اور ملت کی کشتی کو منجدھار سے نکالنے کی کوشش کریں۔
9:۔    تعلیم بالغاں: جس میں عمر رسیدہ لوگوں کو دینِ اسلام کے احکام و مسائل سے آگاہ کیا جائے۔
10:۔    شعبہ مبلغین: یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ اسلام ایک عظیم اور عالمگیر قوت ہے۔ اس کے اثرات ہم ہمیشہ سے محسوس کرتے رہے ہیں اور تاہنوز کررہے ہیں۔ اس نازک ترین دور میں جبکہ قوم ، وطن اور زبان کے عفریت وحدت انسانی کو پارہ پارہ کرنے کے درپے ہیں، اس امر کی شدید ضرورت ہے کہ مختلف زبانیں بولنے والوں ، مختلف نسلوں سے تعلق رکھنے والوں اور دنیا کے دور دراز ممالک میں بسنے والوں تک اسلام کا پیغامِ امن و اخوت مؤثر انداز میں سنجیدگی اور سمجھداری سے پیش کیا جائے۔ وقت کی اس اہم ضرورت کوپورا کرنے کے لئے جامعہ میں شعبہ مبلغین قائم کیا جائے گا۔
11:۔    تفریحی سہولیات: یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ تندرست جسم ہی صحت مند دل و دماغ کا مسکن ہوا کرتا ہے لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ طلبہ کو فارغ اوقات میں کھیل اور ورزش کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
12:۔    جامعہ اسلامیہ للبنات: بچیوں کی تعلیم و تربیت کتنی ضروری ہے؟ اس کی اہمیت سے بھی یقینا آپ باخبر ہوں گے اور اس سلسلہ میں جس طرح کے ماحول کی ضرورت ہوتی ہے اس کی نزاکت کو بھی آپ محسوس کرتے ہوں گے۔ دینی تعلیم کے حصول کے لئے طالبات جس کوفت سے دوچار ہیں وہ محتاجِ بیان نہیں۔ والدین کو اعلیٰ اسلامی تعلیم کے لئے ناچار بچیاں دوسرے شہروں بھیجنا پڑتی ہیں۔اس طرح مالی بوجھ کے علاوہ والدین کے قلوب اذہان جس کرب و بے چینی کی آماجگاہ بنے رہتے ہیں وہ بھی کسی سے مخفی نہیں۔ اللہ رب العزت کے کامل بھروسے پر ہمارا ارادہ ہے کہ طالبات کے لئے ایک ایسا ادارہ بنایا جائے جہاں مڈل پاس طالبات کو داخلہ دیا جائے اور ایم ۔ اے(عربی و اسلامیات) تک انہیں تعلیم دی جائے۔ اور سکول و کالج کی مروجہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کتاب و سنت کی روشنی میں اس نہج پر ان کی تربیت کی جائے کہ وہ ایک مومن ماں کا کردار کرسکیں۔
13:۔    ہمارے اس علاقہ میں عموماً یا تو مستند دینی کتب ملتی ہی نہیں اور اگر دستیاب ہوبھی جائیں تو بہت گراں قیمت فروخت کی جاتی ہیں ۔ نیز کچھ حضرات محض دنیا و آخرت کا ایندھن جمع کرنے کے لئے غیر مستند اور گمراہ کن لٹریچر بھی عوام الناس کے ہاتھوں میں دینے سے نہیں چوکتے ۔ جس سے بجائے فائدے کے الٹا نقصان ہورہا ہے اور ذہنی پختگی کی بجائے فکری انتشار پیدا ہورہا ہے۔ ہمارا پروگرام یہ ہے کہ صحیح، مستند ، سستا اور معیاری اسلامی لٹریچر عوام و خواص تک پہنچانے کے لئے ایک مکتبہ قائم کیا جائے۔
14.15:۔    علاوہ ازیں ڈسپنسری اور مہمان خانہ بھی ہمارے مجوزہ منصوبہ میں شامل ہے۔